ورلڈ کپ کے آغاز میں مایوس کن کارکردگی کے بعد کئی ریکارڈز اپنے نام کرنے پر رونالڈو کا بڑا اعتراف
پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ورلڈ کپ کے آغاز میں مایوس کن کارکردگی کے بعد بلآخر ازبکستان کے خلاف میچ کے دوران کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے گروپ اسٹیج میں ازبکستان کے خلاف میچ کے چھٹے منٹ میں رونالڈو نے پہلا گول کیا تو وہ ورلڈ کپ کے 6 مختلف ایڈیشنز میں گول کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے۔
اسی میچ کے 39 ویں منٹ میں انہوں نے دوسرا گول کیا تو ایک اور ریکارڈ اپنے نام کیا۔
41 سالہ رونالڈو ورلڈ کپ کے مقابلوں میں پرتگال کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی اور ورلڈ کپ کی تاریخ کے دوسرے معمر ترین گول اسکورر بھی بن گئے۔
میچ کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران اعتراف کیا کہ یہ ایک مشکل اور تاریک ہفتہ تھا، ایسا لگا جیسے میں پہلے ہی فٹ بال سے ریٹائر ہو چکا ہوں، لیکن میں ہمیشہ کی طرح ڈٹا رہا، کیونکہ میں کسی بھی چیز سے زیادہ اپنے کام پر یقین رکھتا ہوں۔
رونالڈو نے مزید کہا کہ میں جانتا تھا کہ میرے ساتھی کھلاڑی بھی میری مدد کریں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ مشکل تھا، مجھے تسلیم کرنا پڑے گا، لیکن ہم اپنی فارم میں واپس آ گئے ہیں اور میں بہت خوش ہوں۔
رونالڈو نے اپنے ریکارڈز کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریکارڈز توڑنا اچھی بات ہے لیکن میرا مقصد قومی ٹیم کو اپنے مقاصد کے حصول میں مدد کرنا ہے، سب سے اہم چیز ٹیم کی کامیابی اور ہمارا اعتماد تھا۔
انہوں نے فیفا ورلڈ کپ کے دوران لیونل میسی کا سامنا ہونے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ اس سوال کا کیسے جواب دوں، یہ ایک ایسا سوال ہے جو زیادہ معنی نہیں رکھتا، لیکن اگر ایسا ہوا تو یہ بے مثال ہو گا۔
PNP
Comments are closed.