by Rao Imran Suleman
Rao Nama

مسٹر بیسٹ نے رونالڈو کے ہمراہ کولیبریشن کا حیران کُن تجربہ شیئر کر دیا

— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ اپنی مشترکہ ویڈیو کی شوٹنگ کے تجربے پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ رونالڈو نے مجھے توقع سے کہیں زیادہ وقت دیا اور شوٹنگ کے بعد اپنے گھر بھی مدعو کیا۔

حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مسٹر بیسٹ نے بتایا کہ میں اس کولیبریشن کے دوران ابتداء میں یہی سمجھ رہا تھا کہ رونالڈو کے مصروف شیڈول کے باعث مجھے بہت محدود وقت ملے گا۔

ان کے مطابق میں نے سوچا تھا کہ شاید ہمیں صرف چند منٹ ملیں گے، اس لیے میں نے ویڈیو کا پورا کانسپٹ اسی مختصر وقت کے مطابق تیار کیا تھا۔

مسٹر بیسٹ نے کہا کہ شوٹنگ سے پہلے میں حتیٰ الامکان رونالڈو کے وقت کا احترام کرنا چاہتا تھا اور ان کے شیڈول کو آسان بنانے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم اصل تجربہ میری توقعات سے بالکل مختلف ثابت ہوا۔

مسٹر بیسٹ کے مطابق رونالڈو نے خود کہا کہ جتنا وقت درکار ہو ہم لے سکتے ہیں تاکہ مواد بہتر انداز میں تیار ہو سکے اور کسی قسم کی جلد بازی نہیں تھی۔

یہ کولیبریشن بعد میں 2024ء کے سب سے بڑے آن لائن پروجیکٹس میں شمار ہوا، جس میں رونالڈو کی یوٹیوب ویڈیو ’آئی میٹ مسٹر بیسٹ ٹو بریک دی انٹرنیٹ‘ اور مسٹر بیسٹ کی ویڈیو ’بیٹ رونالڈو، وِن 10 لاکھ ڈالرز‘ شامل ہیں۔

یہ ویڈیوز ناصرف وائرل ہوئیں بلکہ انہوں نے رونالڈو کے یوٹیوب چینل کی ابتدائی مقبولیت میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

مسٹر بیسٹ کے مطابق اصل حیرت انگیز بات شوٹنگ کے بعد پیش آئی جب رونالڈو نے مجھے اپنے گھر آنے کی دعوت دی۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے متعدد بار کوشش کی کہ رونالڈو مزید وقت نہ دیں، لیکن فٹبال اسٹار نے اصرار کیا کہ میں بغیر کسی کیمرے یا مواد کی تیاری کے محض وقت ساتھ گزاروں۔

مسٹر بیسٹ نے کہا کہ اس ملاقات کے دوران دونوں نے کیمرے سے ہٹ کر غیر رسمی ماحول میں گفتگو کی اور وقت گزارا۔

انہوں نے کرسٹیانو رونالڈو کو ایک نہایت خوش اخلاق اور مہمان نواز شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرا ذاتی تجربہ میری ابتدائی توقعات سے کہیں بہتر رہا۔

مسٹر بیسٹ کے مطابق میرے ذہن میں رونالڈو کے بارے میں جو تصور تھا، وہ ان کے مصروف شیڈول اور عالمی شہرت کی بنیاد پر تھا، تاہم حقیقی ملاقات کے بعد یہ تاثر مکمل طور پر بدل گیا۔



PNP

Comments are closed.