کراچی رینجرز کیپ حملہ؛ بھارتی حمایت یافتہ تنظیم کے 3 دہشتگرد ہلاک، افغان خارجی گرفتار
رینجرز کی بروقت کارروائی، کراچی حملے کے 3 دہشت گرد مارے گئے، ایک افغان شہری گرفتار
ویب ڈیسک 28 جون
کراچی: بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے دہشت گردوں نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر حملہ کیا، رینجرز کے چوکس جوانوں کے فوری جواب سے خوارج کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے جبکہ تین خوارج ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جو افغان شہری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 27 جون کو کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے خوارج نے بزدلانہ دہشت گرد حملہ کیا، حملہ آوروں نے کیمپ کے مرکزی گیٹ پر دھماکے کے بعد حفاظتی حصار کو توڑنے کی کوشش کی۔
رینجرز کے چوکس اور بروقت جواب سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا گیا اور تین خارجیوں کو ہلاک اور ایک خارجی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، زخمی خارجی ایک افغان شہری ہے۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران وطن کے تین بہادر سپوت شہید ہوگئے جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوئے، علاقے میں کسی بھی دوسرے ہندوستانی اسپانسرڈ خارجی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن ’’عزم استحکام‘‘ کے تحت انسداد دہشت گردی مہم ملک کے تحت غیر ملکی اسپانسرڈ دہشت گردی کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اپنے جوانوں کی شہادت کا بدلہ لینے کے لیے اس حملے کے مرتکب افراد کے خلاف انتقامی کارروائی کرے گا۔