by Rao Imran Suleman
Rao Nama

معروف عالمِ دین مولانا سید سلمان حسینی ندوی 72 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

بھارت کے معروف عالمِ دین، مصنف اور خطیب مولانا سید سلمان حسینی ندوی 72 برس کی عمر میں لکھنؤ میں انتقال کر گئے۔

خاندانی ذرائع اور ان کے آفیشل سوشل میڈیا پیج کے مطابق ان کی وفات کی اطلاع جاری کی گئی، جبکہ تدفین اور نمازِ جنازہ بعد نمازِ عصر جامعہ سید احمد شہید کٹولی، ملیح آباد میں ادا کی جائے گی۔

مرحوم نے اپنی علمی زندگی کا ایک بڑا حصہ برصغیر کی ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم ندوۃ العلماء میں تدریس کے ساتھ گزارا، جہاں انہوں نے دینی، فکری اور تحقیقی میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ ان کی علمی کاوشوں کو نہ صرف بھارت بلکہ عالمی سطح پر بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہا۔

مولانا ندوی عربی، اردو اور انگریزی زبانوں پر عبور رکھتے تھے اور انہوں نے سیرت، حدیث، فقہ، اسلامی دعوت اور معاصر فکری مسائل پر متعدد تصنیفات اور تحقیقی مقالات تحریر کیے۔ وہ بین المسالک ہم آہنگی اور فکری مکالمے کے فروغ کے لیے بھی سرگرم رہے۔

ان کے انتقال پر بھارت، پاکستان اور دیگر ممالک کے علمی و دینی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مرحوم کو ان کی خطیبانہ صلاحیت، علمی گہرائی اور مؤثر اندازِ بیان کی وجہ سے وسیع پذیرائی حاصل تھی۔

PNP

Comments are closed.