فرانس میں ریکارڈ گرمی، ایک ہفتے میں 2 ہزار سے زائد اموات
فرانس میں گرمی جان لیوا ثابت، اموات کا سلسلہ جاری
پیرس: فرانس میں جون کے آخری ہفتے کے دوران پڑنے والی غیر معمولی گرمی نے خطرناک صورتِ حال اختیار کر لی، جہاں شدید ہیٹ ویو کے باعث اموات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانس کی قومی صحت ایجنسی نے بتایا ہے کہ 22 سے 28 جون کے دوران ملک بھر میں 2 ہزار 25 افراد انتقال کر گئے، جو اس سے ایک ہفتہ قبل کے مقابلے میں تقریباً 29 فیصد زیادہ ہیں۔
حکام کے مطابق یہ اعداد و شمار صرف الیکٹرانک ڈیتھ سرٹیفکیٹس پر مبنی ابتدائی رپورٹ ہیں، اس لیے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مکمل ڈیٹا سامنے آنے پر اموات کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔

فرانسیسی حکام نے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور بزرگوں، بچوں و بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ موسمی شدت صحتِ عامہ کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔