عامر خان نے اپنی دیرینہ دوست گوری اسپرٹ کے ساتھ شادی کرلی
ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان آج اپنی دیرینہ دوست گوری اسپرٹ کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق ممبئی میں ان کی رہائش گاہ پر سادہ اور محدود تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔تقریب میں ملک کی نمایاں شخصیات کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے، جن میں امبانی خاندان، معروف ہدایتکار اشوتوش گوواریکر اور دیگر فلمی شخصیات شامل ہیں۔
شادی کی تقریب سادہ انداز میں گھر پر رجسٹرڈ نکاح کی صورت میں منعقد ہو رہی ہے، جس کے بعد قریبی افراد کے لیے مختصر ظہرانے کا اہتمام کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق شادی کی تقریب کو نجی رکھا گیا ہے جس میں تقریباً 100 سے 150 قریبی عزیز و اقارب اور دوستوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ عامر خان کے بچے جنید خان، ایرا خان اور آزاد راؤ خان بھی تقریب میں شریک ہوں گے، جبکہ گوری اسپرٹ کا بیٹا بھی اس موقع پر موجود ہوگا۔
یہ شادی عامر خان کی زندگی کا نیا باب ہے۔ اس سے قبل وہ رینا دتہ سے 1986 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے، جن سے ان کے دو بچے ہیں، تاہم 2002 میں علیحدگی ہو گئی۔ بعد ازاں انہوں نے 2005 میں کرن راؤ سے شادی کی، جو 2021 میں ختم ہوئی، تاہم دونوں اپنے بیٹے کی مشترکہ پرورش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
عامر خان اور گوری اسپرٹ ایک دوسرے کو گزشتہ 25 برس سے جانتے ہیں، تاہم دونوں کے درمیان قریبی تعلق کا آغاز تقریباً دو سال قبل ہوا۔ عامر خان نے گزشتہ برس اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر اس رشتے کو عوام کے سامنے ظاہر کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان کی نئی اہلیہ گوری اسپریٹ نے یونیورسٹی آف آرٹس لندن سے فیشن، اسٹائلنگ اور فوٹوگرافی میں ڈگری حاصل کی ہے۔ اس کے علاوہ وہ ایک پروفیشنل ہیئر ڈریسر بھی ہیں۔ اگر کیریئر کی بات کریں تو اس وقت گوری اسپریٹ عامر خان کے پروڈکشن ہاؤس عامر خان فلمز میں ہی کام کر رہی ہیں۔ گوری کا ایک 6 سالہ بیٹا بھی ہے، تاہم ان کے پہلے شوہر کے بارے میں فی الحال کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں۔
PNP
Comments are closed.