by Rao Imran Suleman
Rao Nama

بیلجیم فٹبال ایسوسی ایشن کا فولارین بیلوگن کی اہلیت سے متعلق فیفا کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

بیلجیم فٹبال ایسوسی ایشن نے فولارین بیلوگن کو کھیلنے کی اجازت دینے سے متعلق فیفا کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عالمی تنظیم نے معطلی ختم کرنے کے فیصلے کی کوئی واضح قانونی یا انتظامی وضاحت فراہم نہیں کی۔

ایسوسی ایشن کے مطابق فیفا نے ان کے سوالات کے جواب دینے کے بجائے ان کے خط کو باقاعدہ اپیل قرار دے دیا، جبکہ اپیل کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے بھی صرف چند گھنٹوں کی مہلت دی گئی، جسے وہ غیر منصفانہ قرار دیتی ہے۔

بیلجیم فٹبال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ فیفا نے میچ کوآرڈینیشن اجلاس کی دستاویزات سے کھلاڑیوں کی خودکار معطلی سے متعلق حصہ بھی حذف کر دیا، جبکہ معطلی ختم کرنے کے فیصلے کی نقل بھی انہیں فراہم نہیں کی گئی۔

ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکا کے خلاف میچ میں فولارین بیلوگن کی اہلیت کو باضابطہ طور پر چیلنج کرے گی اور اس معاملے پر قانونی کارروائی جاری رکھے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ قانونی جدوجہد اخلاقیات، شفافیت اور منصفانہ مقابلے کے اصولوں کے تحفظ کے لیے کی جا رہی ہے، اور میچ کے نتیجے سے قطع نظر اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

بیلجیم فٹبال ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ اسے فیفا کے طرزِ عمل پر شدید تشویش ہے اور وہ فٹبال میں شفافیت اور انصاف کے فروغ کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔



PNP

Comments are closed.