by Rao Imran Suleman
Rao Nama

8 کروڑ روپے کی گھڑی چوری،4 ہسپانوی باشندے گرفتار

 پیرس: فرانس کے معروف سیاحتی مقام سینٹ ٹروپے میں برازیلی سیاح سے قیمتی گھڑی چھیننے کے الزام میں چار مشتبہ ہسپانوی باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

فرانسیسی حکام کے مطابق چوری ہونے والی گھڑی کی مالیت تقریباً 3 لاکھ امریکی ڈالر بتائی گئی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 8 کروڑ روپے بنتی ہے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران گھڑی برآمد کرلی، جسے قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد متاثرہ سیاح کے حوالے کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق واردات کے بعد ملزمان ایک گاڑی میں فرار ہوگئے تھے۔ پولیس نے دستیاب شواہد کی مدد سے مشتبہ افراد کا سراغ لگایا اور انہیں قریبی قصبے کوگولین سے گرفتار کرلیا۔

سینٹ ٹروپے فرانس کا ایک معروف اور پرتعیش سیاحتی مقام ہے، جہاں ہر سال دنیا بھر سے بڑی تعداد میں مالدار سیاح آتے ہیں۔ حکام کے مطابق قیمتی اشیا رکھنے والے سیاح جرائم پیشہ عناصر کے لیے آسان ہدف بن سکتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بعض جرائم پیشہ افراد خود کو سیاح ظاہر کرکے علاقے میں پہنچتے ہیں اور موقع ملنے پر دوسرے سیاحوں کی قیمتی اشیا چھیننے یا چوری کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

فرانسیسی حکام کے مطابق رواں سیاحتی سیزن کے آغاز سے اب تک سینٹ ٹروپے کے علاقے میں تقریباً 15 قیمتی گھڑیاں چوری ہونے کی شکایات سامنے آچکی ہیں۔

PNP

Comments are closed.