فیفا ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کیپ وردے کی فٹبال ٹیم کا وطن واپسی پردارالحکومت پرایا میں شاندار انداز میں استقبال کیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک دلچسپ اتفاق یہ ہوا کہ کیپ وردے کی فٹبال ٹیم اپنے ملک کے یومِ آزادی 5 جولائی کو وطن واپس پہنچی جس سے جشن دہرا ہو گیا، ہزاروں کی تعداد میں مداح ایئر پورٹ کے اطراف کے علاقے میں جمع ہو گئے۔
مداح ڈھول بجاتے، رقص کرتے، نعرے لگاتے اور قومی پرچم لہراتے نظر آئے، انہوں نے فیفا ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی تاریخی کارکردگی اور ملک کے 51 ویں یومِ آزادی کا جشن ایک ساتھ منایا۔
اس خوشی کے موقع پر کیپ وردے کی ٹیم کے گول کیپر وزینا نے مائیکرو فون کے ذریعے پُر جوش انداز میں ایک نعرہ بھی لگایا۔
واضح رہے کہ مغربی افریقا کے ساحل سے قریب 10 آتش فشاں جزائر پر مشتمل ملک کیپ وردے نے فیفا ورلڈ کپ میں پہلی بار شرکت کی اور پہلی ہی بار شاندار کارکردگی دکھا کر پوری دنیا کو حیران کر دیا۔
یاد رہے کہ فٹ بال ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 میں ارجنٹینا نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں شریک ٹیم کیپ وردے کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں 3-2 سے شکست دی۔
PNP
Comments are closed.