by Rao Imran Suleman
Rao Nama

گریڈ 18 سے 20 کے لیسکو افسران کیلئے مفت بجلی یونٹس کی سہولت ختم

یکساں پالیسی کا مطالبہ زور پکڑ گیا

0

لیسکو افسران کیلئے مفت بجلی یونٹس کی سہولت ختم، 30 سال بعد باقاعدہ بلوں کا اجرا

لاہور: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے گریڈ 18 سے 20 تک کے افسران کو فراہم کی جانے والی مفت بجلی یونٹس کی سہولت ختم کر دی ہے، جس کے بعد انہیں بھی دیگر صارفین کی طرح باقاعدہ بجلی کے بل موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ بجلی کے شعبے میں مراعات کے نظام پر نظرثانی اور یکساں پالیسی کے نفاذ کی کوششوں کا حصہ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ تقریباً 30 برسوں میں پہلی مرتبہ لیسکو افسران کو مفت بجلی یونٹس کی سہولت سے محروم کیا گیا ہے، جس کے باعث بعض افسران کی تنخواہ کا بڑا حصہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی پر صرف ہونے لگا ہے۔

لیسکو ذرائع کے مطابق ماضی میں گریڈ 18 کے افسران کو سالانہ 6 ہزار، گریڈ 19 کے افسران کو 8 ہزار جبکہ گریڈ 20 کے افسران کو 10 ہزار مفت بجلی یونٹس فراہم کیے جاتے تھے، تاہم نئی پالیسی کے تحت یہ سہولت مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی نوعیت کا فیصلہ ملک کی دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے گریڈ 18 سے 20 تک کے افسران کے لیے بھی کیا گیا تھا، تاہم بعض کمپنیوں نے عدالتوں سے حکمِ امتناع حاصل کر کے یہ سہولت عارضی طور پر بحال کروا لی۔

دوسری جانب لیسکو افسران کا مؤقف ہے کہ اگر تنخواہوں میں تمام مراعات شامل کر دی گئی ہیں تو پھر مفت بجلی کی سہولت کسی بھی ادارے میں برقرار نہیں رہنی چاہیے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ وزارتِ توانائی ملک بھر کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے یکساں پالیسی نافذ کرے تاکہ تمام افسران اور اداروں پر ایک ہی اصول لاگو ہو۔

ماہرین کے مطابق اس فیصلے کو بجلی کے شعبے میں مراعات کے نظام کو زیادہ شفاف، منصفانہ اور یکساں بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.