by Rao Imran Suleman
Rao Nama

امریکی فوج کی مردانگی جانچنے کے لیے طبی معائنے کرانے کا فیصلہ

 

امریکا کے وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے اعلان کیا ہے کہ محکمہ دفاع 30 سال یا اس سے زائد عمر کے فوجی اہلکاروں کے لیے ٹیسٹوسٹیرون کی کمی کی اسکریننگ کا پروگرام شروع کرے گا۔

پیٹ ہیگستھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ویڈیو میں کہا کہ نئے پروگرام کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ فوجی اہلکار بہترین کارکردگی کے لیے مناسب ٹیسٹوسٹیرون لیول برقرار رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ جدید میدانِ جنگ انتہائی سخت اور مسلسل دباؤ کا متقاضی ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ جسمانی، نفسیاتی اور ذہنی تیاری ضروری ہے۔ ان کے مطابق صحت کے ان اشاریوں کی بروقت جانچ سے فوجیوں کو بہتر معاونت فراہم کی جا سکے گی۔

واضح رہے کہ ٹیسٹوسٹیرون (Testosterone) انسانی جسم میں پایا جانے والا ایک انتہائی اہم ہارمون ہے، جسے بنیادی طور پر مردانہ جنسی ہارمون (Male Sex Hormone) کہا جاتا ہے۔

وزیر دفاع کے مطابق 30 سال یا اس سے زائد عمر کے فوجی اہلکاروں کے سالانہ طبی معائنے کے دوران ٹیسٹوسٹیرون ٹیسٹ کیا جائے گا، 30 سال سے کم عمر اہلکار اپنی مرضی سے اس پروگرام میں شامل ہو سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ علاج، بشمول ٹیسٹوسٹیرون ری پلیسمنٹ تھراپی، رضاکارانہ ہوگا اور اس کا مقصد جسم کی قدرتی صلاحیتوں کو بحال اور بہتر بنانا ہے۔

پیٹ ہیگستھ کے مطابق اس اقدام کا مقصد فوجیوں کی طویل المدتی صحت کو ترجیح دینا،انہیں پوری زندگی مضبوط اور مستحکم رکھنا، اعلیٰ طبی سہولتیں فراہم کرنا اور جدید جنگی تقاضوں کے مطابق جسمانی و ذہنی تیاری برقرار رکھنا ہے۔

امریکن یورولوجیکل ایسوسی ایشن نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹوسٹیرون کی کمی کی تشخیص صرف ایک خون کے ٹیسٹ کی بنیاد پر نہیں کی جانی چاہیے، بلکہ علامات اور دو الگ الگ ٹیسٹوں کی بنیاد پر تشخیص  ہونی چاہیے۔

PNP

Comments are closed.