امریکا نے مزید حملے کیے تو جنگ کا رخ بدل سکتا ہے، ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر کی وارننگ
پاسداران انقلاب نے بھی بڑے آپریشن کا اشارہ دے دیا۔
ویب ڈیسک:
ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محسن رضائی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر مزید حملے کیے تو جنگ کا رخ تبدیل ہو سکتا ہے۔
اپنے بیان میں محسن رضائی نے کہا کہ امریکی حملے جاری رہے تو ایران بھرپور جواب دے گا اور دفاعی حکمت عملی کے بجائے جارحانہ انداز اختیار کیا جا سکتا ہے۔

ادھر پاسداران انقلاب کی نیول کمان نے بھی انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آئندہ چند روز میں مزید حملے ہوئے تو مکمل جارحانہ آپریشن شروع کیا جائے گا۔ ان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے ہیں۔
پاسداران انقلاب نے اپنے بیان کا آغاز “انتظار کریں اور دیکھیں” کے الفاظ سے کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ایران کی مسلح افواج آپریشن شروع کرنے کی تیاری میں ہیں۔
دوسری جانب ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا کہ دشمن یہ جان لے کہ ایرانی قوم کو شکست نہیں دی جا سکتی اور بے گناہ شہریوں کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔