by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پوپ لیو پھیپھڑوں کی سرجری کے بعد اسپتال سے فارغ، ویٹیکن پہنچ گئے

ویٹیکن سٹی: پوپ لیو چہاردہم پھیپھڑوں کے کینسر کی سرجری کے چار روز بعد ہفتے کو اسپتال سے ڈسچارج ہو کر ویٹیکن واپس پہنچ گئے۔ ان کی اسپتال سے واپسی پر خیرخواہوں نے تالیاں بجا کر اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 71 سالہ پوپ روم کے جیمیلی اسپتال سے خود چل کر باہر آئے۔ اس موقع پر وہ مسکراتے رہے، لوگوں سے ہاتھ ملایا اور ہاتھ ہلا کر ان کے خیرسگالی کے جذبات کا جواب دیا۔ انہوں نے علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور اسپتال کے حکام سے بھی مختصر گفتگو کی۔

اسپتال سے روانگی سے قبل پوپ لیو نے یوکرین کی ایک بچی سے بھی ملاقات کی، جو خود کینسر سے صحت یاب ہو چکی ہے اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے اسپتال پہنچی تھی۔

ویٹیکن کے مطابق پوپ لیو منگل سے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ ڈاکٹروں نے سرجری کے دوران ان کے دائیں پھیپھڑے کا ایک حصہ نکال کر کینسر کی رسولی خارج کی تھی۔ ہفتے کو خون کے ٹیسٹ، سینے کے ایکسرے اور مجموعی طبی حالت کا جائزہ لینے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں اسپتال سے فارغ کرنے کی اجازت دے دی۔

پوپ کی اسپتال سے واپسی سے ویٹیکن اور دنیا بھر میں موجود تقریباً ایک ارب 40 کروڑ کیتھولک مسیحیوں میں ان کی صحت سے متعلق پائی جانے والی تشویش میں کمی آنے کی امید ہے۔ شکاگو میں پیدا ہونے والے پوپ لیو چہاردہم کو کلیسا کی سربراہی سنبھالے ابھی دو سال بھی مکمل نہیں ہوئے۔

ویٹیکن کے مطابق پوپ لیو اتوار کو سینٹ پیٹرز اسکوائر کے سامنے واقع اپوسٹولک پیلس کی کھڑکی سے روایتی دعائے انجیل، یعنی ’’اینجلس‘‘ پڑھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اسپتال میں قیام کے دوران بھی وہ روزانہ دوپہر کے وقت اپنے کمرے میں عبادت کرتے رہے۔

PNP

Comments are closed.