by Rao Imran Suleman
Rao Nama

بھارت نے سلال ڈیم کے گیٹ کھول دیے،چناب میں سیلابی الرٹ جاری

لاہور: بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے تمام گیٹ کھولنے کے بعد دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جس کے پیش نظر پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ آبپاشی پنجاب کے مطابق سلال ڈیم سے پانی چھوڑے جانے کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے کا امکان ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ ممکنہ خطرے کے پیش نظر سیالکوٹ اور وزیر آباد سمیت متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

محکمہ آبپاشی نے بتایا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ دریائے چناب کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر وزیر آباد جواد پیرزادہ کے مطابق آئندہ 48 گھنٹے انتہائی اہم ہیں، کیونکہ اس دوران دریائے چناب میں بڑے سیلابی ریلے کے پہنچنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بڑے سیلاب کے خدشے سے آگاہ کیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ دریا کے کنارے غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

PNP

Comments are closed.