یوٹیوب موبائل ایپ میں بڑی تبدیلیاں، کسٹم فیڈز کا نیا فیچر متعارف
ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے موبائل ایپ میں نئی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ ان اپ ڈیٹس کا مقصد ہوم پیج کو مزید بہتر بنانا اور صارفین کے لیے اپنی دلچسپی کے مطابق ویڈیوز تلاش کرنا آسان بنانا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ 9 ٹو 5 گوگل کے مطابق نئی تبدیلیوں میں ایپ کی اوپری بار کا نیا ڈیزائن اور اپنی پسند کے موضوعات پر مبنی کسٹم فیڈز بنانے کی سہولت شامل ہے۔
نئے ڈیزائن کے تحت سبسکرپشنز کے ٹیب کو اسکرین کے نچلے حصے سے منتقل کرکے اوپری بار میں شامل کیا جا رہا ہے، جہاں ہوم بٹن کے ساتھ سبسکرپشنز کا بٹن بھی دکھائی دے گا۔ اس کے علاوہ لائیو میوزک اور موویز اینڈ ٹی وی جیسی فیڈز بھی اوپری بار میں دستیاب ہوں گی، تاکہ صارفین اپنی پسند کا مواد آسانی سے دیکھ سکیں۔
نئی اپ ڈیٹ میں پلس (+) بٹن کے ذریعے کسٹم فیڈ بنانے کا آپشن بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنی دلچسپی کا موضوع منتخب کرکے اس سے متعلق ویڈیوز پر مشتمل الگ فیڈ تیار کرسکیں گے، جس سے بار بار ویڈیوز تلاش کرنے کی ضرورت کم ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق یوٹیوب کے مفت صارفین زیادہ سے زیادہ تین فعال کسٹم فیڈز محفوظ کرسکیں گے، جبکہ پریمیم صارفین کو آٹھ فیڈز محفوظ کرنے کی سہولت ملے گی۔
کسٹم فیڈز کا فیچر ابتدائی طور پر امریکا میں متعارف کرایا جا رہا ہے، جبکہ بعد میں اسے دوسرے ممالک میں بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
یوٹیوب کی ان تبدیلیوں کا مقصد صارفین کو ان کی دلچسپی کے مطابق ویڈیوز تک تیز اور آسان رسائی فراہم کرنا اور موبائل ایپ کے استعمال کو مزید سہل بنانا ہے۔
PNP
Comments are closed.