مقبوضہ کشمیر میں شدید بارشوں اور سیلاب سے 25 افراد جاں بحق
انڈیا کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں مسلسل بارشوں، بادل پھٹنے اور فلیش فلڈز کے باعث مختلف علاقوں میں شدید تباہی ہوئی ہے، جہاں اب تک خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 25 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
حکام کے مطابق راجوری، پونچھ، کٹھوعہ، ڈوڈہ، بڈگام، کولگام اور دیگر علاقوں میں سیلابی ریلوں نے متعدد مکانات، دکانوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا، جبکہ کئی رہائشی بستیاں زیرِ آب آ گئی ہیں۔
شدید بارشوں کے بعد راجوری شہر سے گزرنے والے دریا میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی، جس سے حفاظتی بند ٹوٹ گیا اور سیلابی پانی رہائشی علاقوں اور مرکزی بس اسٹینڈ میں داخل ہو گیا۔ متعدد گاڑیاں بہہ گئیں جبکہ کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔
ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی کارروائیاں کرتے ہوئے 50 سے زائد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راجوری، پونچھ اور دیگر علاقوں کو ملانے والی متعدد شاہراہیں بند ہو گئی ہیں، جبکہ کشمیر کو بھارت کے دیگر حصوں سے ملانے والی اہم شاہراہ پر بھی ٹریفک معطل ہے۔
صورتحال کے پیشِ نظر جموں و کشمیر میں تعلیمی اداروں کی گرمیوں کی تعطیلات میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی گئی ہے، جبکہ سالانہ امرناتھ یاترا بھی عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران مزید بارشوں اور فلیش فلڈز کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو دریاؤں، ندی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ نے مختلف اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
PNP
Comments are closed.