معاشی صورتحال سب کے سامنے ہے، ہم لانگ مارچ کی تیاری کر رہے ہیں، اسلام آباد جائیں گے:امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان
کراچی ( پی این پی )امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ کراچی کے عوام نے جماعتِ اسلامی کو ووٹ دیا ہے، ہمارا مینڈیٹ چوری کیا اور قبضہ میئر کو ہم پر مسلط کر دیا گیا۔لانگ مارچ کی تیاری کر رہے ہیں، اسلام آباد جائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کراچی کے علاقے گودھرا کالونی میں ماڈل سکول کی افتتاحی تقریب میں کہا کہ اُنہوں نے کہا کہ ہم طویل عرصے سے پیٹرولیم لیوی ٹیکس کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں، ملک میں اڑھائی کروڑ لوگوں کی سواری موٹر سائیکل ہے، پیٹرول کی قیمت کم ہو جائے گی تو عوام کا جینا بھی آسان ہو جائے گا۔پاکستان زرعی ملک ہے مگر یہاں گندم کو تباہ کر دیا گیا، یہ بحران پیدا کر کے گندم درآمد کرتے ہیں اور کماتے ہیں۔گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھریلو خواتین کو مشکلات کا سامنا ہے، آئی پی پیز کا معاملہ کیوں حکومت نظر انداز کر رہی ہے؟ ملک کی معاشی صورتِ حال سب کے سامنے ہے، ہم لانگ مارچ کی تیاری کر رہے ہیں، اسلام آباد جائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شہر میں 10 کلو آٹا 2 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے، صوبائی حکومت کی سرپرستی میں زمینوں پر قبضے ہو رہے ہیں۔جماعتِ اسلامی کے ٹاؤنز میں ترقیاتی کام جاری ہیں، ہمارے ٹاؤن چیئرمین اختیارات سے بڑھ کر کام کر رہے ہیں، کراچی میں قبضہ میئر نے اختیارات روکے ہوئے ہیں۔
PNP
Comments are closed.