مذاکرات کامیاب، پیٹرول پمپ اونر ایسوسی ایشن کا ہڑتال موخر کرنے کا اعلان
حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد پیٹرول پمپ اونر ایسوسی ایشن اور ڈیلرز ایسوشی ایشن نے ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کردیا، پمپ مالکان نے آج رات 12 بجے اور ڈیلرز ایسوسی ایشن نے صبح 6 بجے کی ہڑتال کی کال واپس لے لی۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن اور دیگر ڈیلرز ایسوسی ایشنز کا مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 28 فروری سے جو خطے کی صورتحال ہے اس سے ہم سب پریشان ہیں، وزیراعظم عوام کی مشکلات سے آگاہ ہیں، خطے میں ایک بار پھر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ اب تک کئی سو ارب روپے کی سبسڈی دے چکے ہیں، بھرپور ٹارگٹڈ سبسڈی کا نظام وضع کیا ہے، آئل ریفائنریز اور پیٹرولیم تنظیموں نے بےپناہ مدد کی۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پیٹرولیم ڈیلرز مارجن کا معاملہ مشاورت سے کریں گے، مارجن کے حوالے سے سمری کابینہ کے پاس لے کر جائیں گے، یومیہ قیمتوں پر دو ہفتوں کے بعد پیٹرولیم تنظیموں کے ساتھ دوبارہ جائزہ لیں گے، ہم اکٹھے مل کر آگے چلیں گے۔
ندیم خان سیکریٹری اطلاعات پیٹرولیم اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے پیٹرول ڈیلرز کا مارجن بڑھانے کی یقین دہانی کروائی، امید کرتے ہیں دو ہفتوں کے اندر مارجن کا معاملہ حل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی یقین دہانی پر احتجاج کی کال موخر کرتے ہیں، ہمیں یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ ہمارے مطالبات پورے کیے جائیں گے، امید ہے کہ دو ہفتوں میں پمپس اونرز کے کمیشن کا معاملہ حل ہوجائے گا، یومیہ نرخ کا نظام بھی دو ہفتے ٹرائل بیسز پر چلانے کا کہا گیا ہے۔
PNP
Comments are closed.