by Rao Imran Suleman
Rao Nama

امریکی سینیٹ میں ایران کے خلاف فوجی کارروائی روکنے کی قرارداد مسترد

 واشنگٹن: امریکی سینیٹ نے ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کو محدود کرنے سے متعلق پیش کی گئی قرارداد کو مسترد کر دیا، جس کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو ایران سے متعلق پالیسی پر مزید سیاسی حمایت حاصل ہو گئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق قرارداد کے حق میں 47 جبکہ مخالفت میں 49 ووٹ پڑے، جس کے باعث یہ منظور نہ ہو سکی۔

رپورٹس کے مطابق اس سے قبل امریکی ایوانِ نمائندگان نے ایران کے خلاف جنگی کارروائیاں روکنے کے حق میں قرارداد منظور کی تھی، تاہم سینیٹ میں مطلوبہ حمایت نہ ملنے کے باعث یہ کوشش آگے نہ بڑھ سکی۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کے خلاف مزید سخت فوجی کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو ابھی مکمل نقصان نہیں پہنچا اور واشنگٹن مختلف عسکری آپشنز پر غور کر رہا ہے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق اگر ضرورت پیش آئی تو ایران کے خلاف نئی کارروائیاں پہلے کیے گئے حملوں سے کہیں زیادہ وسیع اور طاقتور ہو سکتی ہیں۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ممکنہ فوجی منصوبوں میں گزشتہ آپریشنز سے بڑے حملوں کے آپشن بھی زیر غور ہیں۔

دوسری جانب خطے میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، جبکہ کئی ممالک نے تنازع مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے سفارتی حل اور مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ حالیہ پیش رفت کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں مزید اضافے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔

PNP

Comments are closed.