by Rao Imran Suleman
Rao Nama

آج کہاں کہاں بادل برسیں گے ،محکمہ موسمیات نے بڑی پیشگوئی کردی

اسلام آباد (پی این پی) محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج بھی ملک کے بیشتر حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ برقرار رہے گا۔

متعدد علاقوں میں تیز بارش، گرج چمک، شہری سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ تیز ہواؤں کے باعث کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا امکان بھی موجود ہے۔موسمیاتی ادارے کے مطابق خیبرپختونخوا، پنجاب، آزاد کشمیر، اسلام آباد، گلگت بلتستان، شمال مشرقی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ اسی طرح شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں، کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان کے برساتی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

محکمہ موسمیات نے گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، نوشہرہ، گجرات، فیصل آباد، ساہیوال، خانیوال اور ملتان کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب اور بارش کا پانی جمع ہونے کے امکانات ظاہر کیے ہیں۔ادارے کا کہنا ہے کہ تیز آندھی، شدید بارش اور آسمانی بجلی کے باعث سولر پینلز، بجلی کے کھمبے، اشتہاری بورڈز اور دیگر کمزور تعمیرات متاثر ہو سکتی ہیں، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں بھی دن بھر مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

PNP

Comments are closed.