by Rao Imran Suleman
Rao Nama

بیوی کو طلاق دینے پر ندامت، 22 سالہ لڑکے نے تھوڑی دیر بعد خودکشی کرلی

اسلام آباد (پی این پی) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن گلشن بہار میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان نے مبینہ طور پر گلے میں پھندا لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق واقعے سے قبل اس کا اپنی اہلیہ کے ساتھ گھریلو تنازع ہوا تھا۔پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور کرائم سین یونٹ کی مدد سے شواہد اکٹھے کیے گئے۔ بعد ازاں لاش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ایس ایچ او پاکستان بازار معراج انور نے بتایا کہ واقعہ گلشن بہار سیکٹر 16، گلی نمبر 19 میں پیش آیا۔ متوفی کی شناخت 22 سالہ کاشف عرف راجہ، ولد صدیق کے نام سے ہوئی ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق نوجوان نے دو روز قبل گھریلو اختلافات کے دوران اپنی اہلیہ کو طلاق دی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر اسی معاملے سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے گھر کے اندر پھندا لگا کر خودکشی کی، تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں کی مزید چھان بین جاری ہے۔پولیس حکام کے مطابق متوفی ایک بچے کا والد تھا اور بے روزگار بھی بتایا جاتا ہے۔ اہل خانہ سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ واقعے کی مکمل حقیقت سامنے لائی جا سکے۔

PNP

Comments are closed.