ٹرمپ نے ایران پر حملے ایک روز کے لیے روکنے کا حکم دے دیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی افواج کو ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیاں ایک روز کے لیے مؤخر کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن ایک جانب فوجی آپشن برقرار رکھے ہوئے ہے اور دوسری جانب سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔
رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو ایران کے خلاف حملوں میں شدت لانے کا آپشن بھی موجود ہے، تاہم موجودہ مرحلے پر دانشمندانہ حکمت عملی یہی ہے کہ مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق امریکی فوج ممکنہ بڑے فوجی آپریشن کی تیاری مکمل رکھے ہوئے ہے، لیکن صدر ٹرمپ نے تاحال اس کارروائی کی حتمی منظوری نہیں دی۔ اگر دوبارہ حملوں کا حکم جاری کیا جاتا ہے تو امریکی افواج مختصر نوٹس پر کارروائی شروع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملے صرف ایک دن کے لیے مؤخر کیے گئے ہیں یا فریقین کے درمیان کسی قسم کی جنگ بندی پر اتفاق ہوا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عمان کا ایک وفد آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے ممکنہ انتظامات پر بات چیت کے لیے تہران پہنچا، جہاں مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ عمان اور ایران کے درمیان ہفتے کے اختتام تک کسی معاہدے تک پہنچنے کا امکان موجود ہے۔
PNP
Comments are closed.