by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پی ایف ایف کی قومی مینز ٹیم کی افتتاحی فیفا آسیان کپ میں شرکت کی باضابطہ تصدیق

فوٹو: فائل

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے قومی مینز فٹبال ٹیم کی اس سال ہونیوالے افتتاحی فیفا آسیان کپ میں شرکت کی باضابطہ تصدیق کر دی۔ یہ پاکستان مینز فٹبال ٹیم کا پہلا فیفا ٹورنامنٹ ہوگا جس میں پاکستان ٹاپ ٹیموں سے مقابلہ کرے گا۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق قومی مینز فٹبال ٹیم پہلی بار کسی بھی فیفا ایونٹ میں ایکشن میں نظر آئے گی۔

ٹورنامنٹ رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں انڈونیشیا میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان فیفا آسیان کپ کے ٹاپ ٹائر میں ایکشن میں ہوگی جہاں اس کا مقابلہ بھارت، ملائیشیا، سنگاپور، انڈونیشیا، فلپائن اور تھائی لینڈ جیسی ٹیموں سے ہوگا۔

پاکستان ان تین ممالک میں شامل ہے جنہیں خصوصی طور پر ایونٹ میں مدعو کیا گیا ہے۔ ایونٹ میں شریک ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔

پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کا کہنا ہے کہ قومی ویمن فٹبال ٹیم کی فیفا سیریز میں شرکت کے بعد اب قومی مینز فٹبال ٹیم بھی اپنے پہلے فیفا ایونٹ میں شرکت کرے گی، جو پاکستان فٹبال کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ قومی ٹیم کو مضبوط حریفوں کے خلاف کھیلنے اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ جیو نیوز نے 13 جون کو پاکستان کی فیفا آسیان کپ میں متوقع شرکت کی خبر سب سے پہلے نشر کی تھی، جس کی اب پاکستان فٹبال فیڈریشن نے باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ 



PNP

Comments are closed.