انگلینڈ میں یارک مسجد کے باہر فائرنگ،44سالہ شہری گرفتار
انگلینڈ کی کاؤنٹی شمالی یارکشائر کے قریب واقع شہر یارک میں مسجد اور اسلامی مرکز کے باہر فائرنگ کے واقعے کے بعد ایک شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یارک شہر کے علاقے بل لین پر واقع یارک مسجد کے باہر جمعرات کو فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، تاہم اس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
شمالی یارک شائر پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ایک 44 سالہ سفید فام برطانوی شہری کو گرفتار کیا گیا، جو مقامی رہائشی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ ممکنہ طور پر ایئر گن کی طرح ایئر ویپن تھا، جبکہ مشتبہ شخص سلور رنگ کی گاڑی میں موقع سے روانہ ہوا، جس کا سراغ لگا کر اسے حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ مبینہ طور پر فائرنگ کرنے والا شخص اس وقت تفتیش کے لیے پولیس کی حراست میں ہے۔
نارتھ یارک شائر پولیس نے کہا کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ اس تشویش ناک واقعے کے پیچھے کیا محرکات تھے، تاہم یارک کی مسلمان برادری کو یقین دلایا گیا ہے کہ واقعے کے تمام حالات اور وجوہات جاننے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق مسجد کے قریبی علاقے میں گشت جاری رکھا جائے گا، خاص طور پر نماز کے اوقات میں، جبکہ پولیس افسران مسجد کے امام سے بھی ملاقات کریں گے۔
حکام نے عینی شاہدین، سی سی ٹی وی فوٹیج رکھنے والے افراد اور ڈیش کیم ریکارڈنگ رکھنے والے ڈرائیورز سے اپیل کی ہے کہ وہ شمالی یارک شائر پولیس یا کرائم اسٹاپرز کو معلومات فراہم کریں۔
PNP
Comments are closed.