by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کراچی میں زلزلے کے جھٹکے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا

کراچی (پی این پی) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد افراد گھروں، دفاتر اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 2.9 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز کراچی ہی تھا، جبکہ اس کی گہرائی زمین کے اندر 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کے جھٹکے مختصر دورانیے کے تھے، تاہم شہریوں نے انہیں واضح طور پر محسوس کیا، کئی علاقوں میں لوگوں نے احتیاطاً کھلی جگہوں کا رخ کیا جبکہ سوشل میڈیا پر بھی زلزلے سے متعلق اطلاعات تیزی سے گردش کرتی رہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق کم شدت کے زلزلے عموماً زیادہ نقصان کا باعث نہیں بنتے تاہم شہریوں کو قدرتی آفات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں اور غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین کرنے کے بجائے سرکاری ذرائع سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔

خیال رہے کہ چند دن پہلے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.0 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز بلوچستان کے علاقے رکھنی سے تقریباً 5 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع تھا۔



PNP

Comments are closed.