گیانا میں تیل انقلاب،اربوں ڈالر آمدن کا نیا دور شروع
جنوبی امریکی ملک گیانا تیل کی دولت سے معاشی ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو گیا ہے۔ ملک کو توقع ہے کہ تیل کی آمدن میں بڑے اضافے کے بعد اس کی معیشت مزید مضبوط ہوگی۔
امریکی کمپنی ایکسون موبل کی قیادت میں قائم کنسورشیم نے گیانا کے اسٹابروک بلاک میں تیل کی تلاش اور ترقی کے لیے کی گئی تقریباً 55 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری واپس حاصل کر لی ہے۔ کمپنی حکام کے مطابق یہ ہدف اندازے سے تقریباً دو سال پہلے مکمل ہوا ہے۔
اسٹابروک بلاک 2015 میں دریافت کیا گیا تھا، جہاں اندازاً 11 ارب بیرل سے زائد تیل کے ذخائر موجود ہیں۔ یہ منصوبہ ایکسون موبل کے اہم ترین عالمی اثاثوں میں شامل ہو چکا ہے، جبکہ تیل کی پیداوار میں اضافے کے باعث گیانا دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں شمار ہونے لگا ہے۔
گیانا اس وقت روزانہ 9 لاکھ بیرل سے زائد خام تیل پیدا کر رہا ہے۔ ابتدائی معاہدے کے تحت کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی لاگت پوری کرنے کے لیے زیادہ حصہ مل رہا تھا، تاہم اب لاگت کی وصولی مکمل ہونے کے بعد تیل کے منافع میں گیانا کا حصہ بڑھنے کی توقع ہے۔
اس منصوبے میں ایکسون موبل کا 45 فیصد، شیورون کا 30 فیصد جبکہ چینی کمپنی سی این او او سی کا 25 فیصد حصہ ہے۔ اسٹابروک بلاک کے مزید منصوبے بھی آنے والے عرصے میں پیداوار شروع کرنے کی تیاری میں ہیں۔
ماہرین کے مطابق تیل سے حاصل ہونے والی آمدن گیانا کے لیے بڑی اقتصادی تبدیلی کا باعث بن سکتی ہے، تاہم ملک کو اس دولت کو صرف توانائی کے شعبے تک محدود رکھنے کے بجائے تعلیم، بجلی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں کی ترقی پر بھی توجہ دینا ہوگی۔
PNP
Comments are closed.