ایرانی حملوں سے عرب ممالک میں9امریکی اڈوں کو نقصان پہنچا،بی بی سی کی تصدیق
بی بی سی ویریفائی کی تحقیقاتی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کے حالیہ حملوں کے نتیجے میں خلیجی ممالک اور اردن میں امریکا سے منسلک فوجی اڈوں اور اہم تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 12 جولائی 2026 سے شروع ہونے والی کشیدگی کے بعد کویت، بحرین، عراق اور اردن میں کم از کم 9 امریکی تنصیبات اور فوجی اڈوں کو پہنچنے والے نقصانات کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
بی بی سی ویریفائی کی ٹیم نے سیٹلائٹ تصاویر، تصدیق شدہ ویڈیوز اور سرکاری بیانات کا جائزہ لے کر ان نقصانات کا تجزیہ کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ بعض مقامات پر حملوں کے بعد نقصان کے آثار موجود ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل دعویٰ کر چکے تھے کہ ایران کی فوجی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نئی کشیدگی کے باوجود ایران خطے میں امریکا سے منسلک تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کچھ صلاحیت برقرار رکھتا ہے۔
بی بی سی ویریفائی نے اپنی تحقیقات کے دوران سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی متعدد ویڈیوز کا بھی جائزہ لیا، جن میں بعض کو غلط معلومات پر مبنی قرار دیا گیا۔
تحقیق کے مطابق کچھ ویڈیوز پرانی تھیں جبکہ بعض مواد مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کیے جانے کے شواہد بھی ملے۔
خطے میں امریکا، ایران اور اتحادی ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث صورتحال پر عالمی سطح پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
PNP
Comments are closed.