غزہ میں اسرائیلی حملے، 9 فلسطینی جاں بحق،18 افراد گرفتار
غزہ: غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 9 فلسطینی جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہو گئے، جبکہ مغربی کنارے میں مختلف کارروائیوں کے دوران 18 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ شہر کے شیخ رضوان علاقے میں ایک ڈرون حملے میں دو افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ وسطی غزہ کے شہر دیر البلح میں ہونے والے ایک اور حملے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا اور دو افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق خان یونس کے شمال مغربی علاقے المواسی میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا گیا، جہاں ایک بچے سمیت تین فلسطینی جاں بحق ہوئے۔ غزہ شہر کے الصابرہ اور تل الحوا علاقوں میں بھی فضائی حملوں کے نتیجے میں مزید تین افراد جان سے گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق دیر البلح میں واقع الاقصیٰ شہداء اسپتال کے طبی سامان پر مشتمل ایک گودام بھی گولہ باری سے متاثر ہوا، جس سے اسپتال اور اطراف میں قائم خیموں کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن اور چھاپوں کے دوران 18 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق گرفتار افراد میں چند کم عمر بچے بھی شامل ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں گھروں کی تلاشی بھی لی گئی۔
اسرائیلی حکام کی جانب سے ان کارروائیوں پر فوری طور پر کوئی تفصیلی مؤقف سامنے نہیں آیا، جبکہ آزاد ذرائع سے تمام اطلاعات کی مکمل تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
PNP
Comments are closed.