by Rao Imran Suleman
Rao Nama

حوثیوں کا سعودی آئل ٹینکر پر میزائل حملے کا دعویٰ

یمن کے حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحیرۂ احمر میں سعودی عرب کے ایک تیل بردار بحری جہاز کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔

حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ سعودی آئل ٹینکر “وفا” کو بحیرۂ احمر کے شمالی حصے میں ینبع بندرگاہ کے قریب متعدد بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

یحییٰ سریع کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی کامیابی سے مکمل کی گئی، تاہم انہوں نے حملے کے وقت، نقصان یا کسی ممکنہ جانی نقصان سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

حوثی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ سعودی عرب کے خلاف بحری محاصرے کے آغاز کے بعد سے یہ آٹھواں بحری جہاز ہے جسے نشانہ بنایا گیا ہے۔

تاحال سعودی حکام یا متعلقہ بحری اداروں کی جانب سے اس دعوے کی تصدیق یا تردید کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

بحیرۂ احمر میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات بڑھ رہے ہیں، جبکہ خطے میں بحری راستوں کی سکیورٹی ایک اہم مسئلہ بنی ہوئی ہے۔

PNP

Comments are closed.