ملکی استحکام و ترقی کیلیے قومی اتحاد، باہمی مفاہمت اور برداشت کو فروغ دینا ہوگا،ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم
کراچی(پی این پی)صوبائی پیغامِ امن کمیٹی سندھ کے کوآرڈینیٹر اور جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے کہا ہے کہ ملکی استحکام و ترقی کے لیے قومی اتحاد، باہمی مفاہمت اور برداشت کو فروغ دینا ہوگا، پاکستان کو سیاسی عدم استحکام اور اختلافات سے نکالنے کے لیے قومی مفاد کو ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، وطن عزیز ہے تو ہم ہیں،ہمیں اس کی قدر کرنی چاہییے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ بنوریہ عالمیہ میں مختلف علماء کرام کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے، مدارسِ دینیہ اور مذہبی طبقے نے ہر دور میں تعلیم و تربیت، اصلاحِ معاشرہ، قومی یکجہتی اور ملکی استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان مختلف مذاہب، مسالک اور ثقافتوں کا مشترکہ وطن ہے، اس لیے بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور باہمی احترام کا فروغ ناگزیر ہے۔ ہمیں نفرت کے بجائے محبت، تصادم کے بجائے مکالمے اور تقسیم کے بجائے اتحاد کو فروغ دے کر آنے والی نسلوں کے لیے پُرامن، متحد اور خوشحال پاکستان کی بنیاد مضبوط بنانا ہوگی۔
PNP
Comments are closed.