by Rao Imran Suleman
Rao Nama

فٹبال کی تاریخ کا ہنگامہ خیز میچ، 51 ریڈ کارڈز کا نیا عالمی ریکارڈ

—فوٹو بشکریہ سوشل میڈہا 

برازیل میں فٹبال کی تاریخ کا ہنگامہ خیز میچ ہوا جس میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کے درمیان شدید لڑائی ہوئی اور ریفری نے ریکارڈ 51 ریڈ کارڈز جاری کر دیے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ برازیلین ریاست میناس گیریس کی انڈر 20 چیمپئن شپ کے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں اوبرلاندیا اور مامورے کی ٹیمز کے درمیان پیش آیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مامورے کی جانب سے 3-1 کی برتری حاصل کرنے کے بعد میدان میں صورتِ حال بے قابو ہو گئی۔

مامورے کے کھلاڑی ڈیوِی فرنانڈس بِٹینکورٹ نے تیسرا گول کرنے کے بعد مخالف ٹیم کے بینچ کی جانب اشتعال انگیز اشارے کیے اور مبینہ طور پر نازیبا الفاظ کہے۔

جس پر اوبرلاندیا کے گول کیپنگ کوچ پاؤلو سرجیو ڈیاس ڈوس سانتوس میدان میں آئے اور مذکورہ کھلاڑی کو دھکا دیا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور عملے کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔ 

رپورٹ کے مطابق لڑائی کے دوران مکے اور لاتیں مارنے کے علاوہ کرسیاں اور اسٹریچرز بھی پھینکے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس صورتِحال میں ریفری نے مجموعی طور پر 51 افراد کو میچ سے باہر قرار دیا، جن میں 43 کھلاڑی اور دونوں ٹیمز کے 8 کوچنگ اسٹاف ارکان شامل تھے۔

اس سے قبل فٹبال میچ میں سب سے زیادہ ریڈ کارڈز دکھائے جانے کا ریکارڈ 36 تھا، جو 2011ء میں ارجنٹائن کے 5 ویں ڈویژن کے میچ میں قائم ہوا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ہنگامے کے باعث میچ پہلے تقریباً 40 منٹ کے لیے روک دیا گیا تھا۔

بعد ازاں اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ کی اطلاعات پر پولیس کو بھی طلب کیا گیا۔

ہنگامے کے دوران اسٹیڈیم کے 14 دروازے، کھڑکیاں، شاورز اور دیگر سہولتوں کو نقصان پہنچایا گیا، جبکہ فرنیچر بھی تباہ ہوا، ہنگامے کے دوران ریفری کو مبینہ دھمکیوں کے حوالے سے پولیس رپورٹ بھی درج کروائی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اوبرلاندیا نے سیمی فائنل کا دوسرا مرحلہ کھیلنے سے دستبرداری اختیار کر لی، جس کے نتیجے میں مامورے کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی۔



PNP

Comments are closed.