by Rao Imran Suleman
Rao Nama

’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘ کی معروف اداکارہ انتقال کرگئیں

ہالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم ’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘ میں نیڈ کی دادی (لولا) کا کردار ادا کرکے شائقین کی توجہ حاصل کرنے والی سینئر اداکارہ میری ریویرا 83 سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے پر مداحوں اور فلمی حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔

تعزیتی بیان کے مطابق میری ریویرا 2 جون 1943 کو فلپائن کے شہر ایلوئیلو میں پیدا ہوئیں، جبکہ انہوں نے امریکی ریاست ہوائی کے شہر ہونولولو میں 15 اپریل کو آخری سانس لی۔

خاندانی ذرائع اور امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کو فالج کا شدید دورہ پڑا تھا، جس کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ میری ریویرا کو ’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘ میں کام کرنے پر بے حد فخر تھا اور وہ اس فلم کو اپنے کیریئر کی سب سے اہم اور یادگار کامیابیوں میں شمار کرتی تھیں۔

اگرچہ فلم میں ان کا کردار مختصر تھا، لیکن ان کی اداکاری نے ناظرین کے دل جیت لیے۔ انہوں نے فلم میں نیڈ (جیکب بیٹالون) کی دادی لولا کا کردار نبھایا، جبکہ ان کا یادگار منظر اینڈریو گارفیلڈ کے اسپائیڈر مین، نیڈ اور زینڈایا کے کردار ایم جے کے ساتھ فلمایا گیا تھا۔

فلم کے ایک اہم منظر میں، جب مختلف کائناتوں سے آنے والا اسپائیڈر مین نیڈ اور ایم جے کی مدد کے لیے سامنے آتا ہے، اسی دوران میری ریویرا کا کردار ماحول کو خوشگوار بنا دیتا ہے۔ وہ نیڈ کے ذریعے پیٹر پارکر سے گھر کی چھت پر چڑھ کر مکڑی کا جالا صاف کرنے کی فرمائش کرتی ہیں، جسے شائقین نے فلم کے دلچسپ ترین لمحات میں شمار کیا۔

میری ریویرا اپنے پسماندگان میں شوہر الیگزینڈر ریویرا اور چار بچوں کارمیلا، پال، ایڈون اور اینجلا کو سوگوار چھوڑ گئی ہیں۔

ان کے انتقال پر مداحوں اور ساتھی فنکاروں نے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات جاری کرتے ہوئے ان کی خوش اخلاقی، مسکراہٹ اور یادگار اداکاری کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ میری ریویرا کو ان کے مختصر مگر مؤثر کردار اور دلکش شخصیت کے باعث طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔

PNP

Comments are closed.