by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پی آئی اے کے ممکنہ چیف ایگزیکٹو افسر ٹیوولڈے گیبریماریام کو ائیر انڈیا لے اڑی

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے عہدے کے لیے زیر غور آنے والے ایتھوپین ایئرلائنز کے سابق سربراہ ٹیوولڈے گیبریماریام کو باضابطہ طور پر ائیر انڈیا کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر اور منیجنگ ڈائریکٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری اور تنظیمِ نو کے عمل کے دوران جولائی 2026 میں ٹیوولڈے گیبریماریام کا نام قومی ایئرلائن کے مستقل سی ای او کے لیے نمایاں امیدواروں میں شامل تھا، تاہم تقرری کے حوالے سے کوئی حتمی معاہدہ نہ ہو سکا۔

اب وہ ائیر انڈیا کے موجودہ چیف ایگزیکٹو کیمپبل ولسن کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جو 30 ستمبر کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔

پاکستانی حکام کو امید تھی کہ ٹیوولڈے گیبریماریام کے بین الاقوامی تجربے سے پی آئی اے کی بحالی میں مدد ملے گی، لیکن معاملات حتمی شکل اختیار نہ کر سکے۔

ٹیوولڈے گیبریماریام کو ایتھوپین ایئرلائنز کو افریقہ کی سب سے بڑی اور منافع بخش فضائی کمپنیوں میں تبدیل کرنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے، جس کی وجہ سے انہیں عالمی ہوا بازی کی صنعت میں ایک کامیاب منتظم کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

ان کی ائیر انڈیا میں تقرری کے بعد پی آئی اے کی انتظامیہ کو مستقل چیف ایگزیکٹو کی تقرری کے لیے نئے امیدواروں پر غور کرنا ہوگا تاکہ قومی ایئرلائن کی اصلاحات اور انتظامی معاملات کو آگے بڑھایا جا سکے۔

واضح رہے کہ نجکاری کے بعد ٹاٹا گروپ کی ملکیت میں آنے کے باوجود ائیر انڈیا کو گزشتہ مالی سال کے دوران تقریباً 2 ارب ڈالر کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد کمپنی کی اعلیٰ قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔

PNP

Comments are closed.