کوسوو میں اپوزیشن رکن اسمبلی کا وزیراعظم پر انڈوں سے حملہ، شدید احتجاج
پریشتینا: کوسوو کی پارلیمنٹ میں سیاسی کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب اپوزیشن کی ایک خاتون رکن اسمبلی نے قائم مقام وزیراعظم البین کُرتی کی جانب انڈے اچھال دیے اور احتجاجاً ’’شیم شیم‘‘ کے نعرے لگائے۔
یہ واقعہ پارلیمانی اجلاس کے دوران پیش آیا، جہاں قائم مقام وزیراعظم البین کُرتی نے اسپیکر کے انتخاب کے لیے مزید مہلت دینے کی درخواست کی تھی۔
کوسوو میں جون کے عام انتخابات کے بعد سے پارلیمنٹ اسپیکر کے انتخاب کے معاملے پر تعطل کا شکار ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے مؤقف کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ آئینی عدالت کی جانب سے مقرر کردہ مدت ختم ہوچکی ہے، اس لیے پارلیمانی اجلاس کی کارروائی آئینی طور پر درست نہیں۔
اپوزیشن ارکان نے وزیراعظم کے خلاف شدید احتجاج کیا اور ان پر انڈے پھینکنے کے ساتھ نعرے بازی بھی کی۔ واقعے کے باعث پارلیمنٹ کے اندر سیاسی ماحول مزید کشیدہ ہوگیا۔
اپوزیشن کا مؤقف ہے کہ اسپیکر کے انتخاب میں مسلسل تاخیر سے پارلیمانی عمل متاثر ہو رہا ہے، جبکہ حکومتی حلقے مزید وقت لینے کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔
کوسوو میں اسپیکر کے انتخاب کا معاملہ کئی ہفتوں سے سیاسی تعطل کا سبب بنا ہوا ہے، جس کے باعث ملک میں حکومت سازی اور پارلیمانی امور کے حوالے سے مشکلات برقرار ہیں۔
PNP
Comments are closed.