چین میں شدید سمندری طوفان کا خطرہ،1600 سے زائد پروازیں منسوخ
بیجنگ: چین کے مشرقی ساحلی علاقوں کی جانب بڑھنے والے شدید سمندری طوفان ڈولفن کے پیش نظر بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ طوفان کے خطرے کے باعث 1600 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں، جبکہ تقریباً 5 لاکھ افراد کو متاثرہ اور خطرناک علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
چینی حکام نے طوفان کے باعث ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر مختلف علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔ چین کے نیشنل میٹرولوجیکل سینٹر نے اتوار کی صبح سمندری طوفان ڈولفن کے لیے سرخ وارننگ جاری کی، جو ملک میں طوفان سے متعلق سب سے بلند درجے کی موسمی تنبیہ سمجھی جاتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے اتوار کی رات یا پیر کے روز چین کے مشرقی ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ پیش گوئی میں بتایا گیا ہے کہ طوفان کے دوران ہواؤں کی رفتار 162 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
چینی ریاستی نشریاتی ادارے کے مطابق شنگھائی کے ہونگ چیاؤ اور پوڈونگ ایئرپورٹس پر اتوار کے روز تقریباً 1400 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اس کے علاوہ ژی جیانگ کے شہر ہانگژو کے ہوائی اڈے پر اندرون ملک اور بین الاقوامی سطح کی تقریباً 270 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
حکام کے مطابق ژی جیانگ کے شہر تائی ژو میں ہفتے کی شام تقریباً 3 لاکھ 90 ہزار افراد کو خطرناک علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ شنگھائی کے سیلاب اور طوفان سے متاثر ہونے کے خدشے والے علاقوں سے بھی 30 ہزار سے زائد افراد کو منتقل کیا جا چکا ہے۔
صوبہ فوجیان میں بھی تقریباً 99 ہزار افراد کو ہفتے کی شام تک محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ طوفان کے پیش نظر ژی جیانگ اور فوجیان میں 200 سے زائد فیری روٹس پر سمندری آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ژی جیانگ کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ بعض مقامات پر بارش کی مقدار 250 سے 500 ملی میٹر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
شنگھائی، شمالی فوجیان، شمال مشرقی جیانگ شی، وسطی اور جنوبی انہوئی جبکہ صوبہ جیانگ سو کے بیشتر علاقوں میں بھی پیر تک موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
چینی حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ریسکیو اور ہنگامی اداروں کو ممکنہ سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
PNP
Comments are closed.