کینیڈا میں ضدی بچے نے مسافر طیارے کی پرواز منسوخ کرادی
ٹورنٹو : کینیڈا کے شہر وکٹوریہ سے ٹورنٹو جانے والی پورٹر ایئرلائنز کی پرواز اس وقت منسوخ کردی گئی جب ایک کم عمر بچے نے اپنی نشست پر بیٹھنے اور سیٹ بیلٹ باندھنے سے انکار کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق پورٹر ایئرلائنز کی پرواز PD444 ٹرمینل سے روانہ ہوچکی تھی اور اڑان بھرنے کی تیاری کر رہی تھی کہ عملے نے ایک بچے کو اپنی نشست پر کھڑا دیکھا۔
فلائٹ اٹینڈنٹس اور بچے کے والدین نے کافی دیر تک اسے سیٹ بیلٹ باندھنے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کی، تاہم بچہ مسلسل مزاحمت کرتا رہا۔
فضائی حفاظت کے قوانین کے تحت تمام مسافروں کا نشست پر بیٹھنا اور سیٹ بیلٹ باندھنا لازمی ہوتا ہے، اس لیے طیارہ پرواز نہیں کرسکتا تھا۔
ایئرلائن کے مطابق غیر محفوظ صورتحال کے باعث طیارے کو واپس ٹرمینل لایا گیا اور متعلقہ مسافروں کو اتار دیا گیا۔
واپس گیٹ پر پہنچنے کے بعد خاندان کو طیارے سے اتارنے، ان کا سامان نکالنے اور ضروری سفری و حفاظتی دستاویزات مکمل کرنے میں کافی وقت لگ گیا۔
یہ تمام کارروائی رات ساڑھے 12 بجے کے بعد تک جاری رہی، جبکہ وکٹوریہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے ہر رات 12:30 بجے بند کردیا جاتا ہے، جس کے باعث طیارہ دوبارہ روانہ نہ ہوسکا۔
پرواز منسوخ ہونے کے بعد باقی تمام مسافروں کو رات وکٹوریہ میں گزارنا پڑی۔ پورٹر ایئرلائنز نے مسافروں کو پیش آنے والی دشواری پر معذرت کی اور انہیں اگلے روز متبادل پروازوں میں بک کر دیا۔
PNP
Comments are closed.