جنوبی افریقا کے اسٹار فاسٹ بولر کگیسو ربادا نے پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم کے 1992ء ورلڈ کپ فائنل میں یادگار بولنگ اسپیل کو اپنی کرکٹ کی سب سے متاثر کن یادوں میں شامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں اس کارکردگی کو کبھی نہیں بھول سکتا۔
کگیسو ربادا نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2027ء سے متعلق جوہانسبرگ میں منعقدہ ایونٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وسیم اکرم کی 1992ء کے ورلڈ کپ فائنل میں انگلینڈ کے خلاف بولنگ نے مجھے ہمیشہ متاثر کیا اور میں بھی مستقبل میں ایسی ہی یادگار کارکردگی پیش کرنا چاہتا ہوں۔
ورلڈ کپ 2027ء کی میزبانی جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر کریں گے، جبکہ جنوبی افریقا میں ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کے حوالے سے ربادا نے کہا کہ اپنے ملک میں ورلڈ کپ کھیلنا ایک مختلف تجربہ ہو گا، تاہم اسے دباؤ کے بجائے آزادی کے طور پر دیکھتا ہوں۔
ربادا نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کی وجہ سے جیتنے کے اضافی دباؤ کا احساس نہیں، بلکہ میں اس موقع کو اپنے ملک کی نمائندگی اور اپنے میدان کا دفاع کرنے کے طور پر دیکھتا ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم گھر پر ہیں اور اپنے قلعے کا دفاع کرنے جا رہے ہیں، یہی میرے لیے اس کی اہمیت ہے۔
1992ء کے ورلڈ کپ فائنل کی اپنی پسندیدہ یاد کے بارے میں بات کرتے ہوئے ربادا نے کہا کہ بطور فاسٹ بولر وسیم اکرم کا انگلینڈ کے خلاف اسپیل میرے لیے ہمیشہ یادگار رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ماضی کا ایک ایسا ورلڈ کپ کا لمحہ ہے جسے میں کبھی نہیں بھولوں گا، کیونکہ میں ایک بولر ہوں، وسیم اکرم نے جس جذبے اور مہارت کے ساتھ پاکستان کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا، وہ قابلِ تعریف تھا۔
جنوبی افریقا کے اسٹار فاسٹ بولر نے کہا کہ وسیم اکرم نے وکٹیں اڑا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا اور اپنی کارکردگی سے یہ ثابت کیا کہ وہ کتنے پرجوش اور باصلاحیت بولر تھے۔
ربادا نے وسیم اکرم کی رفتار، مہارت اور میدان میں موجودگی کو بھی سراہا۔
PNP
Comments are closed.