مقابلے کے دوران دماغ پر چوٹ لگنے کے باعث سابق باکسر انتقال کر گیا
سابق باکسر پریچارڈ کولون 33 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
انہیں 2015ء میں باکسنگ مقابلے کے دوران دماغ میں شدید چوٹ لگی تھی، جس کے باعث انہیں ہنگامی طور پر سرجری سے گزرنا پڑا۔
پورٹو ریکو سے تعلق رکھنے والے پریچارڈ کولون اکتوبر 2015ء تک باکسنگ کی دنیا کے ابھرتے ہوئے ستاروں میں شمار ہوتے تھے، تاہم وہ امریکی باکسر ٹیرل ولیمز کے خلاف مقابلے کے بعد وہ طویل عرصے کے لیے بے ہوشی کی حالت میں چلے گئے۔
کوما سے بیدار ہونے کے بعد سابق باکسر کو پہنچنے والے اعصابی نقصان کی سنگینی واضح ہوئی اور انہیں زندگی کے باقی عرصے میں 24 گھنٹے نگہداشت کی ضرورت رہی۔
ان کے والد رچرڈ کولون نے گزشتہ رات فیس بک پر بیٹے کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا کہ پریچارڈ کے اس دنیا سے رخصت ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے مجھے افسوس ہے، تاہم اب وہ ایک بہتر دنیا میں ہیں۔
پریچارڈ کولون فلوریڈا میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ رہ رہے تھے جہاں ان کا انتقال ہوا۔
ٹیرل ولیمز کے خلاف مقابلے سے قبل ان کا باکسنگ ریکارڈ ناقابلِ شکست تھا، انہوں نے 16 مقابلوں میں 13 ناک آؤٹ سمیت تمام 16 فائٹس جیتی تھیں۔
PNP
Comments are closed.