واشنگٹن: امریکی ریاست انڈیانا میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث مختلف علاقوں میں تباہی ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ہزاروں شہری بجلی سے محروم ہوگئے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین، دو مرد اور 4 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ شدید بارش کے بعد کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور متعدد گھر اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔
حکام کے مطابق انڈیانا کی چار کاؤنٹیز شدید متاثر ہوئی ہیں، جہاں بعض مقامات پر کئی فٹ تک پانی جمع ہوگیا۔ امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب ہوائی کے علاقے میں بھی خراب موسمی صورتحال کے باعث خطرات بڑھ گئے ہیں۔ سمندری طوفان میکاواو کے قریب پہنچنے کے بعد علاقے میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ ہواؤں کی رفتار میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق خراب موسم کے باعث 40 ہزار سے زائد افراد بجلی کی فراہمی سے محروم ہیں۔ متعلقہ ادارے بجلی کی بحالی اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
امریکی حکام نے شہریوں کو موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے، محفوظ مقامات پر رہنے اور ہنگامی صورت حال میں انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
PNP
Comments are closed.