پاکستان آج سے اقوام متحدہ کی تخفیفِ اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھالے گا
پاکستان آج سے جنیوا میں اقوام متحدہ کی تخفیفِ اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھالے گا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی کانفرنس کے نئے صدر کی حیثیت سے اجلاس کی کارروائی کی نگرانی کریں گے۔
طاہر اندرابی کانفرنس کی صدارت کے لیے جنیوا میں موجود ہیں۔ پاکستان اپنی صدارت کے دوران کانفرنس کی سالانہ رپورٹ کی تیاری اور اسے رکن ممالک کی منظوری کے لیے پیش کرنے کی ذمہ داری بھی ادا کرے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان 2027 کے ایجنڈے کی تیاری کے لیے رکن ممالک کے درمیان مشاورت اور مذاکرات کو آگے بڑھانے میں سہولت فراہم کرے گا۔
پاکستان کی صدارت کے دوران رواں ہفتے خلا میں اسلحے کی دوڑ کی روک تھام سے متعلق اہم اجلاس بھی منعقد ہوگا۔ اس کے علاوہ جوہری ہتھیاروں کی دوڑ روکنے، جوہری جنگ کے خطرات کم کرنے اور منفی سلامتی کی ضمانتوں جیسے معاملات پر بھی گفتگو ہوگی۔
کانفرنس میں فوجی شعبے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال، عالمی و علاقائی امن اور تزویراتی استحکام سمیت دیگر اہم عالمی سکیورٹی امور بھی زیرِ بحث آئیں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق کانفرنس کی صدارت پاکستان کو عالمی سلامتی، تخفیفِ اسلحہ اور جوہری عدم پھیلاؤ سے متعلق اہم مباحث میں فعال سفارتی کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔
PNP
Comments are closed.