آپریشن کے وقت پی ٹی آئی کا ڈاکٹر موبائل سے میری ویڈیو بنا رہا تھا، خواجہ آصف کا انکشاف
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے انکشاف کیا ہے کہ میرے آپریشن کے وقت بانی پی ٹی آئی کا نمائندہ ڈاکٹر موبائل سے میری ویڈیو بنا رہا تھا۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں جیو نیوز سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ سننے میں آرہا ہے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حکومت نے نظرثانی کی درخواست دائر کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عدلیہ کے فیصلوں کا دل سے احترام کرتے ہیں، اگر اس فیصلے میں کوئی گنجائش ہے حکومت کا موقف رجسٹرڈ کروانے کی تو ضرور کرے گی۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ کل کو سب قیدی یہی کہیں گے ہمارا علاج بھی پرائیویٹ اسپتالوں میں کروایا جائے، نواز شریف سمیت ہم سب کو جب بھی صحت کے مسائل ہوئے تو سرکاری اسپتالوں میں بھیجا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ میرا جب آپریشن ہورہا تھا تو وہاں بانی پی ٹی آئی کا ایک نمائندہ ڈاکٹر موجود تھا، اسپتال میں جو موبائل سے میری ویڈیوز بنا رہا تھا، وہاں پر ڈاکٹروں نے اس شخص کو آپریشن تھیٹر میں پکڑ لیا تھا۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ یہ اپنے دور حکومت میں ہمارے ساتھ اس قسم کی حرکتیں کرتے رہے ہیں، ہم چاہیں گے کہ جو بھی شہری کے حقوق یا عدالتی احکامات ہیں ان پر عمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جب یہ اقتدار میں تھے تو کیسی زبان استعمال کرتے تھے، اللہ تعالیٰ تکبر اور ایسی زبان استعمال کرنے سے بچائے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ایک شعر یاد آرہا ہے:
یہ وقت کس کی رعونت پر خاک ڈال گیا
یہ کون بول رہا تھا خدا کے لہجے میں
PNP
Comments are closed.