نئے صوبوں کا فیصلہ سڑکوں پر نہیں پارلیمان میں ہوگا، سندھ حکومت کشیدگی نہیں چاہتی، سیاسی جماعتیں ایسا ماحول پیدا کرنے سے گریز کریں جس سے امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو، شرجیل میمن
کراچی (پی این پی) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم پاکستان سے فی الحال جلسے جلوس نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا فیصلہ سڑکوں پر نہیں بلکہ پارلیمان میں ہوگا جب کہ سندھ حکومت کسی قسم کی کشیدگی نہیں چاہتی، اس لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے کے لیے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 29 نومبر کو ایک قوم پرست جماعت نے ریلی کی کال دی ہے جب کہ ایم کیو ایم پاکستان نے اسی مقام پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ سندھ حکومت دونوں جماعتوں سے رابطہ کرے گی اور ان سے گزارش کرے گی کہ فی الحال اس طرح کا ماحول پیدا نہ کریں۔اس سلسلے میں 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں نثار کھوڑو، وقار مہدی، ناصر شاہ اور ضیا لنجار شامل ہیں۔ کمیٹی ایم کیو ایم پاکستان اور قوم پرست جماعتوں سے رابطہ کرے گی۔ایم کیو ایم فی الحال جلسے جلوس نہ کرے، اس حوالے سے آج ہی رابطہ کیا جائے گا۔ سندھ حکومت نہیں چاہتی کہ صوبے میں کشیدگی کا ماحول پیدا ہو۔ نئے صوبوں کا فیصلہ سڑکوں پر نہیں بلکہ پارلیمان میں ہونا چاہیے۔
سینر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کبھی پرتشدد سیاست نہیں کرتی اور نہ ہی اس جماعت نے کبھی ہتھیار اٹھائے ہیں، پیپلز پارٹی تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے وقت جو کچھ ہوا، وہ عوام کا فطری ردعمل تھا۔ ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا تھا جب کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا بم دھماکا کراچی میں ہوا اور 18 اکتوبر کو پیپلز پارٹی کے سیکڑوں جیالے شہید ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے واضح طور پر کہا ہے کہ لوگ بھٹو خاندان کو جانتے ہیں، بلاول بھٹو کے بیان کو غلط رنگ دیا گیا، اختلاف رائے پر کسی کو فتوے نہیں دینے چاہئیں۔
PNP
Comments are closed.