کراچی ( پی این پی )سندھ کے سینئر وزیرِ ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کے یونیورسٹی روڈ پر کوریڈور کا 80 سے 85 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، سڑک 15 ستمبر تک 100 فیصد مکمل ہو جائے گی۔
شرجیل میمن نے بی آر ٹی ریڈ لائن کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر اس وقت ٹریفک کی روانی میں کوئی مسئلہ نہیں، اگلے ماہ ڈبل ڈیکر بسوں کی بڑی تعداد کراچی پہنچ جائے گی، الیکٹرک گاڑیاں بھی جَلد دستیاب ہوں گی۔ 500 الیکٹرک بسوں کی منظوری دی جا چکی ہے اور پنک سکوٹیز بھی بہت جَلد خواتین کے لیے دستیاب ہوں گی۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق شرجیل میمن نےکہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی مینڈیٹ سے حکومت میں آتی ہے اور اقتدار میں آکر عوامی خدمت کے منصوبے مکمل کرتی ہے، تھر میں کوئلے کے وسیع ذخائر موجود ہیں جن سے سستی بجلی پیدا کی جا سکتی ہے اور تھر کا کوئلہ پورے پاکستان کے بجلی گھروں کے لیے استعمال ہو سکتا ہے۔صوبائی حکومت ہر محکمے میں دن رات کام کر رہی ہے، 21 لاکھ گھروں کے منصوبے میں لاکھوں گھر تیار ہو چکے ہیں، گھروں کا یہ منصوبہ دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کا کردار ہے، ملک کے لیے پارٹی کی خدمات کی مثال نہیں ملتی۔سندھ حکومت کی تعمیر کردہ شاہراہ بھٹو پر ٹریفک کا رش منصوبے کی کامیابی کا ثبوت ہے، سندھ واحد صوبہ ہے جو پروپیگنڈے کے بجائے عملی طور پر کام کر رہا ہے۔ سندھ میں صحت کے شعبے میں مفت اور جدید طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، دیگر صوبے جو اقدامات آج کر رہے ہیں، سندھ ان میں سے کئی منصوبے پہلے ہی شروع کر چکا ہے۔سندھ میں ایئر ایمبولینس کی سہولت بھی کافی عرصے سے موجود ہے اور یہ سروس پہلے ہی شروع کی جا چکی ہے۔
PNP
Comments are closed.