سندھ کے ہر بچے کو کراچی جیسی معیاری تعلیم ملنی چاہیے، تھر کے دور افتادہ دیہات کے بچوں کو بھی یکساں مواقع فراہم کریں گے،وزیراعلیٰ مراد علی شاہ
کراچی (پی این پی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کے ہر بچے کو معیاری تعلیم تک رسائی اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ کسی بچے کا خاندانی پس منظر، مالی مشکلات یا رہائش کا مقام اس کی تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔
عالمی یومِ اطفال کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچوں کو قوم کا مستقبل قرار دینے کے ساتھ ان کی موجودہ ضروریات اور ذمہ داریوں کو بھی اہمیت دینا ہوگی۔ ہر بچے کو معاشی حیثیت اور خاندانی حالات سے قطع نظر معیاری تعلیم ملنی چاہیے۔این جے وی اسکول سرکاری و نجی شراکت داری کے ذریعے تعلیمی نظام میں بہتری کی ایک مثال ہے۔ حکومتی تعاون، پیشہ ورانہ انتظام اور عوامی شمولیت کو یکجا کرکے سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر بنایا جاسکتا ہے۔میہڑ، تھرپارکر، بدین اور ٹنڈو محمد خان جیسے پسماندہ علاقوں میں بھی بچوں کے لیے تعلیمی مواقع بڑھائے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تھرپارکر کے دور افتادہ دیہات میں رہنے والے بچوں کو بھی وہی معیاری تعلیم ملنی چاہیے جو کراچی کے بچوں کو میسر ہے۔ صلاحیت کسی ایک علاقے تک محدود نہیں ہوتی، بچوں کو اپنی قابلیت منوانے کے لیے مناسب مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ نے شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان تعلیمی تفاوت کم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ذرائع تعلیم کو دور دراز علاقوں تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہورہے ہیں۔تعلیم کا دائرہ کار محض بچوں کو اسکولوں میں داخل کرانے تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ انہیں عملی زندگی کے مسائل اور چیلنجز کا سامنا کرنے کے قابل بنانا بھی ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے طلبہ میں تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیتوں اور عملی مہارتوں کو فروغ دینا ہوگا۔ ڈیجیٹل تعلیم کے ساتھ کھیلوں، فنون لطیفہ اور مختلف ہنر کی تربیت بھی بچوں کی متوازن نشوونما کے لیے اہم ہے۔
مراد علی شاہ نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ کتابوں کا مطالعہ کریں، نئی چیزیں سیکھنے اور دریافت کرنے کا شوق پیدا کریں اور سوالات پوچھنے سے نہ گھبرائیں۔ انہوں نے بچوں کو اساتذہ اور والدین کا احترام کرنے اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کی بھی تلقین کی۔طلبہ اپنے اہداف کے حصول کے لیے محنت اور مستقل مزاجی اختیار کریں۔ کامیابی کا مطلب صرف اپنی ذات کے لیے کچھ حاصل کرنا نہیں بلکہ یہ بھی دیکھنا ہے کہ ایک فرد اپنے خاندان، معاشرے اور ملک کی بہتری میں کیا حصہ ڈالتا ہے۔
مراد علی شاہ نے تجویز دی کہ اس تاریخی ہال کو میوزیم میں تبدیل کیا جائے تاکہ سندھ کی سیاسی، تعلیمی اور جمہوری تاریخ کو محفوظ بنایا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مقام کو محفوظ کرنے سے طلبہ اور آنے والی نسلوں کو سندھ کے جمہوری سفر اور پارلیمانی تاریخ سے آگاہی حاصل ہوگی۔1947 میں پاکستان کے قیام کے بعد سندھ اسمبلی کی عمارت کو قومی اسمبلی کے طور پر استعمال کیا گیا تھا۔ این جے وی اسکول میں موجود پرانے اسمبلی ہال میں ماضی میں پارلیمانی کارروائی ہوا کرتی تھی۔
PNP
Comments are closed.