اکشے کمار کے نام پر فرانس جانے کی کوشش ناکام، کراچی ایئرپورٹ پر جعلی بھارتی پاسپورٹ رکھنے والا پاکستانی شہری گرفتار
کراچی (پی این پی) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک پاکستانی شہری کا انوکھا فراڈ پکڑا گیا جس کے پاسپورٹ پر تصویر تو اس کی اپنی لگی تھی مگر ویزے پر بھارتی اداکار’ اکشے کمار‘ کا نام درج تھا۔
ہم نیوز کے مطابق ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے دوحہ سے کراچی پہنچنے والے پاکستانی مسافر کی سفری دستاویزات مشکوک پائی گئیں جس پر امیگریشن حکام نے اسے حراست میں لے لیا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مسافر جعلی بھارتی پاسپورٹ کے ذریعے فرانس جانے کی کوشش کر رہا تھا۔مسافر پاکستانی پاسپورٹ پر دوحہ سے کراچی پہنچا تھا تاہم اس سے قبل اس نے جعلی بھارتی پاسپورٹ کے ذریعے فرانس جانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ دوحہ پہنچنے پر ایک نامعلوم شخص نے اسے واٹس ایپ کے ذریعے جعلی بھارتی پاسپورٹ فراہم کیا۔ پاسپورٹ پر مسافر کی اپنی تصویر لگی ہوئی تھی جبکہ اس پر شینگن ویزا بھارتی اداکار’ اکشے کمار ‘کے نام سے درج تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار مسافر 16 نومبر کو عمرہ ویزے پر اسلام آباد سے سعودی عرب روانہ ہوا تھا تاہم اس نے عمرہ ادا کرنے کے بجائے سعودی عرب میں اپنے ایک رشتہ دار کے پاس قیام کیا۔بعد ازاں ایک ایجنٹ نے اسے مدینہ سے دوحہ جانے کا ٹکٹ اور قطر حیا آئی ڈی فراہم کی جس کے ذریعے وہ دوحہ پہنچا جہاں اسے نامعلوم شخص نے جعلی بھارتی پاسپورٹ دیا۔تحقیقات کے مطابق مسافر کو بیرون ملک بھجوانے کے لیے تقریباً 30 ہزار یورو میں معاملہ طے پایا تھا جس میں سے 5 ہزار یورو نقد پہلے ہی ادا کیے جا چکے تھے۔
ایف آئی اے نے گرفتار مسافر کو مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) منتقل کردیا ہے۔
PNP
Comments are closed.