by Rao Imran Suleman
Rao Nama

مردہ قرار دی گئی بیوہ خاتون اپنی زندگی کا ثبوت لے کر عدالت پہنچ گئی

کراچی(پی این پی)مرحوم شوہر کی پنشن حاصل کرنے کے معاملے میں ایک انوکھا واقعہ سامنے آگیا، جہاں نادرا اور یونین کونسل کے ریکارڈ میں زندہ خاتون کو مردہ قرار دے دیا گیا،

جس کے بعد متاثرہ بیوہ اپنی زندگی کا ثبوت لے کر سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئی۔سندھ ہائیکورٹ میں صفیہ خاتون کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ اسے سرکاری ریکارڈ میں مردہ قرار دے کر اس کے مرحوم شوہر کی پنشن کسی اور کو دی جا رہی ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ صفیہ خاتون کے شوہر انتقال کرچکے ہیں اور انہوں نے تین شادیاں کی تھیں۔ وکیل کے مطابق نادرا اور یونین کونسل کے ریکارڈ میں صفیہ بیگم کو بھی متوفی ظاہر کیا گیا، جس کے باعث ان کے مرحوم شوہر کی پنشن ان کی پہلی بیوی کو مل رہی ہے۔

سماعت کے دوران نادرا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ادارہ آن لائن ریکارڈ کی تصدیق کرتا ہے اور یونین کونسل کے ریکارڈ کی بنیاد پر خاتون کے انتقال کی اطلاع موصول ہونے کے بعد دفتری کارروائی کی گئی۔عدالت نے معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین یونین کونسل صالح محمد کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ چیئرمین یونین کونسل کو آئندہ سماعت پر ہر صورت عدالت میں پیش کیا جائے۔سندھ ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کردی۔

PNP

Comments are closed.