پمز اسپتال کے واقعے نے قوم کو غم میں مبتلا کر دیا: حافظ نعیم الرحمٰن
جماعت اسلامی کا پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف دھرنا 12 ویں روز میں داخل ہو گیا۔
امیرِ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکمراں نااہلی اور کرپشن کی انتہا پر ہیں، ملک میں گورننس نام کی چیز نہیں، پمز اسپتال کے واقعے نے پوری قوم کو غم میں مبتلا کر دیا ہے، واقعات ہوتے رہتے ہیں، حفاظتی اقدامات حکومت کی ذمے داری ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی مشترکہ حکومت نااہلی اور کرپشن کی انتہا پر ہے، 40 سال سے اقتدار میں بیٹھے آپس میں نوراکشتی کر رہے ہیں، ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نااہل اور کرپٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پمز اسپتال میں کوئی حفاظتی اقدامات نہیں تھے، ڈاکٹروں اور عملے کو ٹریننگ دینے کا کوئی سسٹم نہیں۔
امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا ہے کہ یہ کہہ کر جان نہیں چھڑائی جا سکتی کہ بچے اغواء ہو جاتے ہیں، سرکاری اسپتال سے بچہ چوری ہونا ڈوب مرنے کا مقام ہے، اسلام آباد میں انتہائی ناقص گورننس ہے۔
انہوں نے کہا کہ افسران کی معطلیاں مسلم لیگ ن کی ڈرامے بازیاں ہیں، سیکریٹری ہیلتھ کو معطل کیا گیا ہے، تمام ذمے داروں کو کیفرِ کردار پر پہنچنا چاہیے، ہر سانحے کے بعد حکومت اگلے سانحے کا انتظار کرتی ہے، فارم 47 سے آنے والے اور ان کے لانے والے واقعے کے ذمے دار ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ استعمال شدہ سرنج لگانے سے کراچی کے بچوں میں ایچ آئی وی پھیل رہا ہے، پیپلز پارٹی صرف کرپشن کرتی ہے عوام کو کچھ نہیں دیتی۔
امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ ہمارے دھرنے کا 12 واں روز ہے، لوگ استقامت سے آتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے پیٹرول سستا اور لیوی ختم کرو، ہم چاہتے ہیں آئی پی پیز کے ناجائز معاہدے ختم کیے جائیں، ہمارا مطالبہ اپنی ذات کے لیے نہیں 25 کروڑ عوام کے لیے ہے، ہم نے دھرنا دیا، احتجاج کیا، پوری قوم کو پتہ چل گیا کہ آئی پی پیز کیا ہیں۔
PNP
Comments are closed.