کراچی (پی این پی) انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) نے لیاری گینگ وار کے کمانڈر ملا نثار کی ضمانت منظور کر لی۔
اے ٹی سی میں پولیس پر حملے، مقابلہ، قتل اور اقدام قتل سمیت دہشتگردی کے مقدمے کی سماعت ہوئی، پراسیکیوشن لیاری گینگ وار کے اہم کمانڈر کے خلاف گواہ پیش کرنے میں ناکام رہی جس کے بعد ملا نثار کی ضمانت منظور کی گئی۔ عدالت نے ملزم کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔
وکیل ملا نثار کے مطابق ملزم کو جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا، پراسیکیوشن نے کوئی عینی شاہد پیش نہیں کیا، پراسیکیوشن کی جانب سے پیش گواہ پولیس اہلکاروں نے بھی میرے مؤکل کو شناخت نہیں کیا۔
دوسری جانب، پراسیکیوشن نے اے ٹی سی کو بتایا کہ اکتوبر 2009 میں پولیس میوہ شاہ روڈ لیاری میں گشت پر مامور تھی، لیاری گینگ وار کے کارندوں نے پولیس پر حملہ کیا تھا، ملزمان کی جانب سے راکٹ لانچر اور دستی بم سے حملے کیے گئے اور مسلسل فائرنگ بھی کی جاتی رہی۔پراسیکیوشن کے مطابق لیاری گینگ وار کے کارندوں کے حملوں سے 13 سالہ نوید جاں بحق ہوا تھا۔ واضح رہے کہ واقعے میں 30 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے تھے، واقعے کا مقدمہ کلاکوٹ تھانے میں درج ہے۔
PNP
Comments are closed.