مون سون بارشوں کے طاقتور سسٹم کی پاکستان میں انٹری! الرٹ جاری
لاہور( پی این پی)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آج(اتوار)30اگست سے 4ستمبر تک ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال جاری کردی ہے جس کے تحت پنجاب، خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، آندھی اور بارش کا امکان ہے
جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں کہیں کہیں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ مری، راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، خوشاب، سرگودھا اور گجرات میں بارش کا امکان ہے۔سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد، لاہور، قصور، اوکاڑہ اور گردونواح کے علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ دن کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔خیبرپختونخوا ہ کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ دیر، چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹ گرام، بونیر اور مانسہرہ میں بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، کرم، وزیرستان اور دیگر علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔ خیبرپختونخواہ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے اور دن کے درجہ حرارت میں اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک، آندھی اور بارش متوقع ہے اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔گلگت، اسکردو، ہنزہ، غذر، دیامر اور استور سمیت گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں جبکہ مظفرآباد، نیلم ویلی، پونچھ، باغ، میرپور، کوٹلی اور بھمبر میں بھی بارش کا امکان ہے۔ دونوں خطوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ دن کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ دن کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہ کردیا ہے اور ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے نے مسافروں اور سیاحوں کو سفر سے قبل موسم کی صورتحال کا جائزہ لینے اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے رہنمائی حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اتھارٹی کے مطابق کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران مدد طلب کرنے کے لیے 911پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
PNP
Comments are closed.