by Rao Imran Suleman
Rao Nama

اردن کا ایرانی میزائل حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ

اردن کی فوج نے ملک میں ہونے والے میزائل حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے ایران سے داغے گئے 13 میزائلوں میں سے 10 کو راستے میں روک کر تباہ کردیا۔

اردنی فوج کے مطابق باقی 3 میزائل آبادی سے دور واقع علاقوں میں جا گرے، تاہم ابتدائی طور پر ان کے نتیجے میں کسی بڑے جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

اس سے قبل ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے اردن میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو میزائل حملوں کا نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ ایرانی فورسز کی جانب سے مبینہ حملوں اور اردن کی فضائی حدود میں میزائلوں کی پرواز سے متعلق تصاویر بھی جاری کی گئیں۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے خلیجِ عقبہ کے ساحل پر موجود امریکی میرینز کی بیرکوں کو نشانہ بنایا گیا، جسے ایرانی بیان میں کیمپ ٹائٹن کا نام دیا گیا ہے۔

دوسری جانب کویتی فوج نے بھی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر اپنے فضائی دفاعی نظام کو فعال کرنے کی تصدیق کی ہے۔ کویتی حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی اور سکیورٹی ہدایات پر عمل کریں۔

خطے میں حالیہ فوجی کارروائیوں کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی ہے اور اردن، کویت سمیت دیگر ممالک نے اپنی فضائی اور سکیورٹی نگرانی بڑھا دی ہے۔

PNP

Comments are closed.